ادھم پور:(آزاد نیوز) جموں وکشمیر کے ضلع ادھم پور میں جمعہ کی رات دیر گئے ایک مسافر بس کے گہری کھائی میں گرنے سے 6 افراد ہلاک جبکہ دیگر 31 زخمی ہوگئے۔ حادثے کی شکار ہونے والی بس جموں سے سری نگر آرہی تھی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں سے سری نگر کے لئے روانہ ہونے والی بس گذشتہ رات دیر گئے ضلع ادھم پور کے چنڈی میں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں پانچ مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر 32 زخمی ہوگئے جنہیں نزدیکی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں سے مزید ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سبھی زخمیوں کو بہتر علاج ومعالجہ کے لئے جموں منتقل کیا گیا ہے۔
ریاستی پولیس کے مطابق حادثہ گذشتہ رات تقریبا 12 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا ‘سری نگر جانے والی ایک بس کو گذشتہ رات تقریبا 12 بجکر 15 منٹ پر چنڈی ادھم پور میں حادثہ پیش آیا۔ چونکہ قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندیاں عائد تھیں، حادثے کا شکار ہونے والی بس کے ڈرائیور نے ٹریفک پولیس کو چکمہ دینے کے لئے ایک متبادل اور اندرونی راستہ اختیار کیا تھا’۔