دارالعلوم دیوبند میں نوتعمیر شدہ شیخ الہند لائبریری کے لیے کتابوں اور کمپیوٹرکو وقف کرنے کی اپیل

دیوبند، (آزاد نیوز):ایشیاءکی عظیم دینی درسگاہ دار العلوم دیوبند کی جانب سے ایک خصوصی اپیل جاری کرکے نو تعمیر شدہ عظیم الشان سات منزلہ شیخ الہند لائبریری کے لئے کتابوں کو وقف کئے جانے کے علاوہ اہل خیر حضرات سے لائبریری کی دیگر ضروریات مثلاً کمپیوٹر، پرنٹر، فوٹو کاپیئر اور پرانی کتابوں کے ذخیرہ کو دار العلوم کی لائبریری بطور صدقہ جاریہ عنایت فرمانے کی اپیل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دار العلوم دیوبند کے مہتمم کے دستخط والی ایک اپیل جاری کرکے اہل خیر حضرات مصنفین ومولفین، ناشرین کتب سے کہا گیا ہے کہ وہ ادارہ کی نو تعمیر شدہ عظیم الشان سات منزلہ شیخ الہند لائبریری کے لئے حسب حیثیت کتابیں وقف فرمائیں تاکہ دنیا اور آخرت میں آپ کی نیک فالی اور اجرِ عظیم کا سبب بن سکے نیز آپ کے لئے بہترین صدقہ جاریہ اور دوسروں کے لئے تلقین خیر کا سبب ہو۔

شیخ الہند لائبریری کو کتابوں سے مزین کرنے کے لئے کہا گیا ہے کہ جو حضرات اپنی ذاتی لائبریری دار العلوم دیوبند کو وقف کرنے کے خواہشمند ہوں وہ ادارہ کے ذمہ داران سے رابطہ کریں تاکہ کسی مناسب ذریعہ سے کتابوں کو منگا لیا جائے۔ اس سلسلہ میں فضلائے دار العلوم سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنی علمی تخلیقات کے ایک سے زائد نسخے لائبریری کو ارسال فرمائےں کیونکہ فضلائے دار العلوم کی تصنیفات وتالیفات کے لئے ایک وسیع ھال مقرر کیا گیا ہے۔ ذمہ داران دار العلوم کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شیخ الہند لائبریری میں مخطوطات کی حفاظت اور ان کو محفوظ طریقہ سے رکھنے کے لئے نہایت معقول نظم کیا گیا ہے۔ اس لئے جن حضرات کے پاس مخطوطہ کتابیں ہوں تو وہ دار العلوم دیوبند کو وقف کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ مذکورہ اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن باذوق افراد کے پاس پرانی کتابوں کا ذخیرہ ہو تو وہ بھی دار العلوم کی لائبریری کو عنایت فرمادیں ایسی کتابیں اگر موجودہ صورت میں ناقابل استعمال ہوںگی، بوسیدگی کی حالت میں ہونگی یا کرم خوردہ ہوچکی ہونگی تو ادارہ انہیں قابل استعمال بنانے کی کوشش کرے گا اور انشاءاللہ بطور استفادہ تمام کتابوں کو محفوظ کردیا جائے گا۔ دار العلوم کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ اگر کسی فرد کے پاس کتابوں کا نادر ذخیرہ ہو اور انہیں فروخت کرنا چاہتا ہو تو وہ براہِ راست ادارہ سے رابطہ کرسکتا ہے۔ مہتمم دار العلوم مولانا مفتی ابو القاسم نے جاری کردہ اپیل میں کہا ہے کہ اس وسیع وعریض لائبریری کے لئے متعدد کمپیوٹر سیٹ، پرنٹرس، فوٹو کاپیئر، اسکینرز، اور ڈاٹا سرور کی بھی ضرورت ہوگی، اس لئے اہل خیر حضرات اس طرف بھی توجہ فرمائیں۔

علاوہ ازیں علماءحضرات ودینی مجلات اور رسائل کے مدیران سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی تصنیفات ورسائل کی اعزازی کاپی شیخ الہند لائبریری کو ارسال فرماتے رہیں۔واضح ہوکہ لائبریری میں تمام رسائل وغیرہ کو سال اور جلد وار محفوظ کرلیا جاتا ہے، یہ سلسلہ زمانہ¿ قدیم سے جاری ہے۔ نو تعمیر شدہ لائبریری میں متعدد وسیع وعریض ھال ہیں۔ عمارت کا کل تعمیری رقبہ دو لاکھ باسٹھ ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہے جس کے تہہ خانہ میں 42 ہزار مربع فٹ کا ایک بڑا ھال تعمیر کیا گیا ہے۔ بالائی حصہ میں چار منزلیں لائبریری کے لئے مخصوص ہیں یہ لائبریری تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہوگی جس میں اردو، عربی، انگریزی، ہندی اور متعدد علوم وفنون کے علاوہ دیگر زبانوں اور مذہبی کتب کے لئے مختلف ھال ہوںگے۔ اس کے علاوہ ہر ھال میں دینی، سیاسی، سماجی اور تمام موضوعات کی کتابیں رکھیں جائیں گی تاکہ استفادہ کرنے والوں کو آسانی ہوسکے۔

اپنی رائے دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here