دبئی کا جشن ریختہ پلوامہ واقعہ کی وجہ سے ملتوی

نئی دہلی:(آزاد نیوز):پہلی بار ہندوستان سے باہرمنعقد ہونے والا مشہور پروگرام ’ جشن ریختہ‘ پلوامہ میں رونما ہونے والے دہشت گردانہ واقعہ کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔یہ اطلاع ادارہ ریختہ کے بانی جناب سنجیو صراف نے پریس کے لیے جاری ایک بیان میں دی ہے۔جناب صراف نے بتایا کہ دنیا بھر میں اردو زبان اور ہندوستانی تہذیب و ثقافت کو منعکس کرنے کے لیے ریختہ نے 28فروری سے02مارچ تک دبئی کے اہم ثقافتی مرکز زنبیل پارک میں جشن ریختہ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھالیکن ہندوستانی جوانوں پر پلوامہ میں ہونے والے خود کش حملے کے بعد اس پروگرام کے انعقاد کو ملتوی کرنے کا فیصلہ لیتے ہوئے ادارہ نے دہشت گردی کی پرزور لفظوں میں مذمت کی ہے۔

خیال رہے کہ دبئی کے اس جشن میں اردو کی جن عالمگیر شخصیت کو مدعو کیا گیا تھا ان میں ہندوستان کے مایہ ناز قلم کار شمیم حنفی کے علاوہ فلمی دنیا کی معروف شخصیتیں جاوید اختر اور شبانہ اعظمی کے علاوہ رضا مراد،رادھیکا چوپڑا اور محمود فاروقی وغیرہ شامل تھے جبکہ پاکستان کی ممتاز ہستیوں کی حیثیت سے مستنصر تارڑ اور افتخار عارف کے علاوہ ماہرہ خان،زہرا نگاہ وغیرہ کومدعوکیا گیاتھا۔اس تقریب میں لندن کی معروف غزل گلوکارہ تانیہ ویلس کو بھی گائکی کے جلوے دکھانے تھے لیکن پہلی بار منعقد ہونے والے دبئی کے جشن ریختہ کوپلوامہ کی دہشت گردی کے خوفناک واقعے کے بعد ملتوی کر دیا گیاہے۔

اپنی رائے دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here