نئی دہلی:(آزاد نیوز) گزشتہ سال دسمبر میں منی پور کے تیز گیند باز ریکس راج کمار سنگھ نے صرف 11 رن دے کر 10 وکٹیں حاصل کرکے سنسنی مچادی تھی ۔ اب منی پور کے اسی تیز گیند باز کو انڈر 19 ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے ۔ ریکس ٹیم انڈیا میں جگہ بنانے والے منی پور کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں ۔
بی سی سی آئی کی جونئیر سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ انڈر 19 ٹیم کے ساتھ کھیلے جانے والے دو چار روزہ میچوں کیلئے ہندوستان کی انڈر 19 ٹیم کا اعلان کیا ہے ۔ سلیکشن کمیٹی نے اس کے ساتھ ہی پانچ مارچ سے شروع ہورہی چار ممالک کی سیریز کیلئے انڈیا انڈر 19 اے اور انڈیا انڈر 19 بی ٹیم کا بھی اعلان کیا ہے ۔ ان سیریز میں باقی دو ٹیمیں جنوبی افریقہ انڈر 19 اور افغانستان انڈر 19 ٹیمیں ہوں گی ۔
آپ کو بتادیں کہ ریکس نے دسمبر 2018 میں کوچ بہار ٹرافی کے ایک میچ میں منی پور کیلئے کھیلتے ہوئے تنہا ہی پوری ٹیم کو آوٹ کردیا تھا ۔ 18 سال کے اس میڈیم پیسر نے اروناچل پردیش کی پوری ٹیم کو صرف 11 رن دے کر 10 وکٹ حاصل کرتے ہوئے سمیٹ دیا تھا ۔ راج کمار نے 9.5 اوور میں سے تو 6 اوورس میڈن پھینکے تھے ۔
ساتھ ہی ریکس نے 5 بلے بازوں کو بولڈ کیا اور تین کھلاڑیوں کو ایل بی ڈبلیو آٹ کیا تھا جبکہ دو کھلاڑی کیچ آوٹ ہوئے تھے ۔ حالانکہ ان 10 وکٹوں کے دوران ریکس ہیٹ ٹرک نہیں لے سکے ۔ انہیں تین مرتبہ ہیٹ ٹرک لینے کا موقع ملا ۔ ریکس کو ان کی محنت کا اب انعام مل گیا ہے ۔