جمعیۃ علماء ہند کے مجلس عاملہ میں مولانا محمود مدنی کا استعفی نا منظور

نئی دہلی،(آزاد نیوز): جمعیۃ علما ء ہند کی قومی مجلس عاملہ کا اہم اجلا س اس کے صدر دفتر نئی دہلی میں واقع مدنی ہال میں مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری صدر جمعیۃ علماء ہند کے ز یر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سابقہ کارروائی کی خواندگی کے بعد تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کے استعفیٰ دیے جانے پر غور و خوض ہوا ۔مجلس عاملہ نے بالاتفاق ناظم عمومی کے استعفیٰ کو نامنظور کیا، وہ علی حالہ کام کرتے رہیں گے ۔واضح ہو کہ گزشتہ ماہ ذاتی اعذار کی بنیاد پر مولانا مدنی نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیے دیا تھا ۔ اسی پس منظر میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر کی ہدایت ومشورے پر یہ اجلاس طلب کیا گیاتھا ۔

ایک دوسری اہم تجویز میں مجلس عاملہ نے حالیہ دنوں میں داعش اور دہشت گردی کے عنوان سے این آئی اے کی طرف سے گرفتاریوں پر بھی اضطراب کا اظہار کیا ۔ مجلس عاملہ نے مختلف پہلووں پر بحث کرکے اپنے سابقہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے سلسلے میں خفیہ ایجنسیوں کا رویہ اور طرز عمل بھی دہشت گردی کے فروغ کے لیے ذمہ دار ہے ۔ خاص طور سے بے قصوروں کی اندھا دھند گرفتاریوں اور عدالتوں کی طرف سے بڑی تعداد میں بے قصور افراد کی رہائی ، ایجنسیوں کے اعتماد پر سوالیہ نشان قائم کررہا ہے اور اب یہ بھی کہا جانے لگاہے کہ نوجوانوں کو پھنسانے کے لیے باقاعدہ جال بچھایا جارہا ہے ۔’’جمعیۃ علماء ہند دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایک بار پھر نوجوانوں کو خاص کر اور تمام مسلمانوں کو متنبہ کرتی ہے کہ دہشت گردی شریعت کی نظر میں نہایت مذموم اور قابل نفرت عمل ہے ، اس کا جہاد اور اسلام سے ہرگز ہرگز کوئی تعلق نہیں ہے ، اس لیے اس سے پوری طرح محتاط رہیں اور کسی کے بہکاوے یا دھو کہ میں ہرگز نہ آئیں ۔ اسی کے ساتھ مجلس عاملہ نے بے قصور افراد کی اندھا دھند گرفتاری پرجمعےۃ کی طرف سے ہونے والی قانونی کارروائی کی تا ئید کرتے ہوئے اس کو جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔

تنظیم کے سوسال مکمل ہونے پر جاری صد سالہ تقریبات کو مزید با معنی بنانے کے لیے مجلس عاملہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں مولانا محمود مدنی، مولانا نیاز احمد فاروقی ، مولانا مفتی محمد سلمان منصورپوری ، مولانا صدیق اللہ چودھری ، مولانا متین الحق اسامہ کانپوری بطور رکن اور مولانا معزالدین احمد بطور کنوینر شامل ہیں۔اس کے علاوہ جمعیۃ یوتھ کلب سے متعلق بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ مجلس عاملہ نے جمعیۃ علماء ہند اور ملک کی کئی اہم شخصیات کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج وغم کا اظہا رکیا، بالخصوص مولانا حسیب صدیقی دیوبند، مولانا محمد قاسم پٹنہ ، مولانا اسرارالحق قاسمی کشن گنج،مولانا یعقوب مدراسی ، مولانا واضح رشید ندوی و دیگر مرحومین کے لیے تعزیت و دعائے مغفرت کی گئی ۔

اپنی رائے دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here