بھونیشور، (آزاد نیوز): کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ مرکز میں ان کی پارٹی اقتدار میں آئی تو ملک میں ہر ایک غریب کو کم از کم آمدنی کی ضمانت دی جائے گی۔فی مہینہ غریبوں کے بینک اکاو¿نٹس میں کم از کم رقم پہنچے گی۔راہل گاندھی نے کالا ہانڈی ضلع کے بھوانی پاٹنا میں بدھ کو منعقد جلسہ عام میں کہا کہ اڑیسہ میں کانگریس کے اقتدار میں آنے پر دھان کی خریداری پر فی کوئنٹل 26 سو روپے فراہم کی جائے گی۔ساتھ ہی کسانوں کے قرض معاف کئے جائیں گے۔ کانگریس نے چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں اقتدار میں آنے کے بعد اپنے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے۔
راہل گاندھی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”مرکز کی مودی حکومت کسان اور آدیواسی مخالف ہے۔ کسانوں کے لئے 17 روپے روزانہ کی رقم کا اعلان کر کے مودی حکومت اپنی پیٹھ تھپتھپا رہی ہے۔ مودی جی اپنے صنعت کار دوستوں کو ہزاروں کروڑ تقسیم کر رہے ہیں جبکہ کسانوں کو محض 17 روپے دے رہے ہیں۔“کانگریس صدر نے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک پر بھی حملہ بولا۔ انہوں نے کہا، ”نوین پٹنایک جی اور بی جے پی آپ سے آپ کی زمینیں چھیننا چاہتے ہیں۔ کانگریس پارٹی، بھوپیش بگھیل، نرنجن پٹنایک جی آپ تمام آدیواسیوں کی زمین کی حفاظت کریں گے۔ آپ کا جو بھی حق ہے چاہے وہ زمین ہو یا جنگل، اسے آپ کو دیا جائے گا۔“راہل گاندھی نے کہا، ”ہم نے آپ کو منریگا دیا، مودی جی نے اسے ختم کیا، آدیواسی بل دیا، اسے بھی ختم کر دیا، حق اطلاعات دیا اسے بھی ختم کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔“
راہل گاندھی نے ریاست کی خراب صحت کے نظام پر سوال کھڑے کرتے ہوئے کہا، ”مانجھی کو 10 میل تک اپنی بیوی کی لاش کو کاندھوں پر ڈھونا پڑا، اس پر بین الاقوامی سطح پر خبریں بنائی گئیں لیکن وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے اس معاملے پر ایک لفظ نہیں بولا۔ کیا انہوں نے آپ سے معافی مانگی! کیا اوڈیشہ حکومت غریبوں کی مدد نہیں کرسکتی! انہیں ایمبولنس مہیا نہیں کرا سکتی!“کانگریس صدر نے کہا، ”ملک کی کسی بھی ریاست میں چلے جائیں آپ کو آدیواسی نوجوان روزگار تلاش کرتے مل جائیں گے، لیکن یہاں آپ کو روزگار نہیں مل سکتا۔ یہاں صرف آپ کی زمین چھینی جا سکتی ہے۔ آپ کے بچوں کو یونیورسٹی میں جگہ ملے۔ آپ کے ماں باپ کا اسپتال میں علاج ہو، ہم ایسا اوڈیشہ بنانا چاہتے ہیں۔“راہل گاندھی نے کہا، ”منریگا سے آپ کو فائدہ ہوا، ہم نے منریگا سے بھی بڑا فیصلہ لیا ہے۔ نریندر مودی جی نے کہا کہ وہ ملک کے کسانوں کو 17 روپے دیں گے، ہم نے کہا کہ ملک کے ہر شہری کو، خواہ وہ کسی بھی ریاست سے تعلق رکھتا ہو، کانگریس پارٹی اس بات کی گارنٹی دیتی ہے کہ وہ سب کو کم از کم آمدنی دیگی۔“
راہل گاندھی نے کہا کہ اگر نریندر مودی 15 صنعت کاروں کے ہزاروں کروڑ روپے معاف کرسکتے ہیں تو کانگریس پارٹی ملک کے ہر غریب کے کھاتے میں کم از کم آمدنی ڈال کر دکھا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی جی میں دام ہے تو وہ ہمیں روک کر دکھائیں۔“کانگریس صدر نے کہا، ” ہم نے چھتیس گڑھ میں جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر کے دکھایا ہے۔ ہم نے کہا تھا کہ آدیواسیوں کی جو زمین لی گئی ہے اسے ہم واپس کریں گے، جیسے ہی حکومت بنی ہم نے وہ زمینیں واپس کر دیں۔ اوڈیشہ کے کسانوں کا بھی قرض معاف ہوگا۔“راہل گاندھی نے کہا، ”چوکیدار چور ہے اور نوین پٹنایک ریموٹ کنٹرول ہیں۔ چوکیدار کہتا ہے کہ اوڈیشہ کے کسانوں کا قرض معاف نہیں ہوگا، ریموٹ کنٹرول بھی کہتا ہے کہ ہاں، کسانوں کا قرض معاف نہیں ہوگا۔“ راہل گاندھی نے کسانوں اور آدیواسیوں سے وعدہ کیا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو وہ انہیں نوکری دیں گے اور ان کے مفاد کی حفاظت کریں گے۔