وزیراعظم نریندرمودی نےکہا کہ مرکزی حکومت خطہ لداخ میں ترقی کو یقینی بنانےکےلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں زمینی راستے سے بیرون دنیا کے ساتھ کٹ کررہ جانے والے اس خطے کو ہمہ موسمی رابطے فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نےکہا کہ بلاسپور۔ منالی ۔ لیہہ ریل لائن کی تعمیرسے یہاں کے لوگوں کی پریشانیوں ختم ہوں گی
یونیورسٹی آف لداخ کولانچ کیا
وزیراعظم مودی نے یہ باتیں اتوارکے روز یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے اس موقع پر یونیورسٹی آف لداخ کولانچ کیا اورکے بی آرایئرپورٹ لیہہ پربننے والی نئی ٹرمنل عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے سری نگر کرگل لیہہ ٹرانسمشن پروجیکٹ کو قوم کے نام وقف کرنے کےعلاوہ 9 میگاواٹ کی صلاحیت والے ہائیڈروالیکٹرک پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔
وزیراعظم مودی نےاپنی تقریرمیں کہا کہ ملک میں ترقیاتی پروجیکٹوں کوبرسوں تک لٹکائے رکھنےکی پالیسی اب تاریخ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن پروجیکٹوں کا انہوں نے سنگ بنیاد رکھا ہے، وہ ان کا افتتاح کرنے کےلئے خود یہاں آئیں گے۔ انہوں نے مرکزی بجٹ میں چھوٹے کسانوں کے لئے سالانہ 6 ہزار روپئےکی امداد دینے کی اسکیم کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اے سی کمروں میں بیٹھنے والوں کونہیں معلوم کہ کسانوں کے لئے سالانہ 6 ہزار روپئے کی امداد کیا معنی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امداد دوہزارروپئے کی تین قسطوں میں کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کی جائیں گی۔
ملک کا کوئی شخص یا حصہ ترقی سے کٹ کر نہیں رہے گا
اس موقع پرریاستی گورنرستیہ پال ملک اوروزیراعظم دفترمیں وزیرمملکت ڈاکٹر جتیندرسنگھ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا ‘ملک کا کوئی شخص یا حصہ ترقی سے کٹ کر نہیں رہے گا۔ ہم اس کے لئے گذشتہ ساڑھے چارسال سے دن رات کام کررہے ہیں۔ میں یہاں کے لوگوں کویہ یقین دلاتا ہوں کہ لداخ کی ترقی کے لئے کوئی کسرباقی نہیں چھوڑی جائے گی’۔ وزیراعظم نے کہا کہ خطہ لداخ گذشتہ ساڑھے چارسال کے دوران مرکزی حکومت کی توجہ کا مرکزرہا ہے۔
لداخ بہادریوں کی سرزمین ہے
انہوں نےکہا ‘مجھے خوشی ہے کہ لداخ خود مختاری پہاڑی ترقیاتی کونسل کے آئین میں تبدیلی لائی گئی ہے۔ کونسل کوزیادہ اختیارات دیئے گئے ہیں۔ اب مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے پیسے ترقیاتی کونسل ہی جاری کرتے ہیں۔ کونسل کو فیصلے لینے کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ اب آپ کو اپنی ضرورتوں کے لئے بار بارجموں یا سری نگرجانا نہیں ہوگا۔ زیادہ ترکام یہیں لیہہ اورکرگل میں ہی پورے ہوں گے’۔ نریندرمودی نے کہا کہ خطہ لداخ کے لوگوں نے ملک کی سلامتی کویقینی بنانے میں ایک نمایاں کردار نبھایا ہے۔ انہوں نے کہا ‘لداخ بہادریوں کی سرزمین ہے۔ چاہے وہ 1947 ہو، 1962 کی جنگ ہو یا پھر کرگل کی لڑائی۔ یہاں کے لوگوں نے ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا ہے’۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت خطہ لداخ کے لوگوں کو درپیش پریشانیاں دور کرنے کے لئے وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا ‘آپ جس مشکل صورتحال میں رہتے ہیں ، اس سے مجھے ہمت ملتی ہے۔ مجھے آپ کے لئے اورڈٹ کر کام کرنے کی ہمت ملتی ہے۔ جو پیار آپ مجھے دیتے ہیں، مجھے وہ ترقی یقینی بناکر سود سمیت واپس لوٹا دینا ہے۔ مجھے اس بات کا احساس ہے کہ موسم آپ سب کے لئے مشکلیں لےکر آتا ہے۔ بجلی کی پریشانی ہوتی ہے۔ پانی کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دور دور تک جانا پڑتا ہے’۔
انہوں نے کہا ‘جب میں پارٹی کے لئے کام کرتا تھا تو میں نے خود یہاں کے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ ان پریشانیوں کو دور کرنے کےلئے مرکزی سرکار وعدہ بند ہے۔ میں نے آج یہاں 3 ہزار کروڑ روپئے مالیت کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا یا افتتاح کیا۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آج جن پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا، آپ کے آشیرواد سے ان کا افتتاح خود کرنے آﺅں گا’۔
انپٹ