اندورسے کانگریس بالی ووڈ کے ‘دبنگ’ سلمان خان کو الیکشن لڑانے کی تیاری میں ہے۔ دراصل کانگریس سکریٹری راکیش یادو نے بیان دیا ہے کہ سلمان خان کے نام پرکانگریس پارٹی میں غوروخوض کیا جارہا ہے۔
پردیش سکریٹری کا کہنا ہے کہ سلمان خان الیکشن لڑیں گے تو اندورمیں نوجوانوں کوفلم انڈسٹری کا فائدہ ملے گا۔ غورطلب ہے کہ سلمان خان کی پیدائش اندورمیں ہی ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنے بچپن کا کافی وقت اندورمیں گزارا ہے۔ سلمان خان وقت وقت پراندورآتے جاتے بھی رہے ہیں اورکئی مواقع پرانہوں نے اندور سے اپنی محبت کو بھی ظاہرکیا ہے۔
اس سے قبل بالی ووڈ اداکارہ اورپٹودی خاندان کی بہو کرینہ کپورخان کو بھی بوپال سے الیکشن لڑنے کی قیاس آرائی کی گئی تھی۔ دراصل دو کانگریسی لیڈروں نے ان کا نام آگے بڑھایا تھا۔ انہیں بھوپال لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کا ٹکٹ دیئے جانے کی قیاس آرائی تھی۔ تاہم آج انہوں نے تمام خبروں پربریک لگا دیا ہے۔ اس طرح سے پارٹی کے لیڈروں کی خواہش پرپانی پھرگیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سلمان خان اس معاملے میں کیا بولتے ہیں۔۔