نئی دہلی،(آزاد نیوز): گرامین روزگار گارنٹی اسکیم منریگا میں فنڈ کی کمی کے بارے میں تشویش ظاہر کرتے ہوئے رکن پارلیامانوں اور سماجی کارکنوں سمیت 250 لوگوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کھلا خط لکھا ہے۔ وزیراعظم کو لکھے اس خط میں 250 لوگوں کے دستخط ہیں اور اس کے ذریعے سے وزیر اعظم کو اس اسکیم کو مضبوط کرنے کے لیے ترجیحی طور پر کام کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔خط لکھنے والوں میں پارلیامنٹ کے تقریباً 90 ممبر اور 160 شہری، جن میں سابق نوکر شاہ ،اہم اکانومسٹ ، اہم کارکن اور کسان آندولن کے رہنما شامل ہیں۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کو موجودہ گرامین اور زراعت بحران سے نپٹنے کے اقدامات کے حصے کے طور پر شامل کیا جائے۔ اس سال 1 جنوری تک موجودہ مالی سال کے ختم ہونے سے 3 مہینے پہلے ہی منریگا اسکیم کا 99 فیصد سے زیادہ فنڈ ختم ہو چکا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے ، ’آپ کی حکومت میں ملک کے وکاس کو رفتار دینے کے لیے روزگار اور نوکریوں کا بار بار دعویٰ کیے جانے کے باوجود ملک کی اکلوتی روزگار گارنٹی اسکیم منریگا کو دھیرے دھیرے ختم کیا جا رہا ہے۔‘اس میں کہا گیا ہے ،’اس کے بجٹ مختص پر غیر قانونی طریقے سے روک ،ادائیگی میں تاخیراور کم تنخواہ اس اسکیم کو خراب کر رہا ہے اور یہ محروم طبقوں کو ان کے بہت اہم قانونی حق سے محروم کر رہا ہے۔رکن پارلیامانوں اور سماجی کارکنوں کی طرف سے سوموار کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بڑے پیمانے پر بے روزگاری ،کم ہوتی زراعتی آمدنی اور بڑھتے عدم مساوات سے گرامین ہندوستان میں بحران کے حالات کے درمیان اس اسکیم میں فنڈ کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔