یوپی میں اتحاد کیساتھ کچھ سیٹیں چھوڑنے پربھی کانگریس راضی

لکھنو،(آزاد نیوز):لوک سبھا الیکشن کی تیاریوں میں مصروف کانگریس کے اترپردیش کے انچارج غلام نبی آزاد نے بدھ کواتحاد کولےکراہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یوپی میں کانگریس چھوٹی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنے جارہی ہے۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ کانگریس پارٹی لوک سبھا الیکشن کے لئے کچھ جماعتوں کے ساتھ سیٹوں پراتحاد کرسکتی ہے۔ اگرضرورت پڑی توکچھ سیٹیں چھوڑبھی سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن میں کانگریس اپنی طاقت دکھائے گی۔ دراصل لوک سبھا الیکشن کی تیاریوں کولے کربدھ کویوپی کانگریس کے انچارج غلام نبی آزاد لکھنو پہنچے۔ یہاں وہ ریاستی صدرراج ببرکے ساتھ کانگریس دفترپرضلع صدورکے ساتھ اہم میٹنگ کی۔اطلاعات کے مطابق اس میٹنگ میں غلام نبی آزاد نے لوک سبھا الیکشن کو لے کرکانگریس کی تیاریوں کورفتاردینے کی حکمت عملی پرغورکیا۔ میٹنگ میں راہل گاندھی کے یوپی دوروں کا خاکہ بھی تیارکیا گیا۔ واضح رہے کہ لوک سبھا الیکشن کے پیش نظریوپی میں سماجوادی پارٹی اوربہوجن سماج پارٹی میں جگہ نہ ملنے کے بعد کانگریس نے اکیلے دم پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ دنوں کانگریس یوپی انچارج غلام نبی آزاد نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ یوپی کی سبھی 80 سیٹوں پرالیکشن لڑے گی۔ ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ اسے امید ہے کہ وہ 42 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوگی۔ حالانکہ یوپی میں کانگریس کی عوامی مقبولیت میں کمی کی بات کریں تویہ دعویٰ کسی خواب سے کم نہیں نظرآتا۔ اس کی وجہ ہے کہ کانگریس کی گزشتہ 25 سالوں میں کم ہوتی ہوئی عوامی مقبولیت جو2014 میں دو سیٹوں اور7 فیصد ووٹوں تک سمٹ گیا ہے۔

اپنی رائے دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here