نئی دہلی :(آزاد نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے یہاں بدھ کے روز ایک تقریب میں اقوام متحدہ کے ماحولیات سے متعلق اعلی ترین اعزاز’یواین ای پی چمپئن آف دی ارتھ’2018حاصل کیا۔وزیراعظم نے پرواسی بھارتیہ کیندر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں یہ ایوارڈ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیوگٹریس اور اقوام متحدہ کے ماحولیات سے متعلق پروگرام کے سربراہ ایرک سولہم سے حاصل کیا۔اس موقع پر وزیرخارجہ سشماسوراج ،وزیرماحولیات ہرش وردھن اور وزیرثقافت مہیش شرما سمیت دیگر سرکردہ شخصیات موجود تھیں ۔اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے سربراہ نے کہا،”سب سے اہم خام مادہ سونا،تیل ،توانائی یاکوئی دیگر معدنی شے نہیں ہے ۔جوخام مادہ موجود نہیں ہے وہ ہے سیاسی قیادت اور وزیراعظم نریندرمودی ہندستان اور دینا کو یہ فراہم کررہے ہیں ۔ ”وزیراعظم مودی کو بین الاقوامی شمسی اتحاد کی حمایت میں انکے نمایاں کام اور 2022تک ہندستان میں ایک بار استعمال ہونے والی سبھی پلاسٹک کوختم کرنے کے انکے غیر معمولی عزم کے لئے پالیسی قیادت کے زمرے میں منتخب کیاگیاہے ۔
وزیراعظم نریندر مودی کو اقوام متحدہ کے سب سے بڑے ماحولیاتی اعزاز ‘چیمپئنس آف دی ارتھ’دیئے جانے پر اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کو مبارکباد دی۔وزیراعلی نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا،”وزیراعظم مودی کا ماحولیات کے تئیں ایک واضح نظریہ ہے ،جس کی ستائش پوری دنیا میں ہورہی ہے ۔وزیراعظم کی کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ہندوستان کی پہچان پوری دنیا میں ہورہی ہے ۔ان کی کوششوں سے ہی اقوام متحدہ یونین نے 21جون کو فی سال ‘بین الاقوامی یوم یوگ’ کے طورپر منائے جانے کا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے ۔اسی طرح یونیسکو کے ذریعہ کمبھ کو ‘انسانیت کے غیر معمولی ثقافتی ورثے ‘ کی فہرست میں شامل کیاگیا ہے ۔”انہوں نے کہا کہ’سوچھ بھارت مشن’ اور نمامی گنگے پروجیکٹ’کے ذریعہ سے وزیراعظم نے ملک کے عوام کو سوچھ اور متوازن ماحولیات کے ساتھ ہی صحت،تحفظ اور احترام کو یقینی بنانے پر کامیابی حاصل کی ہے ۔’سوچھ بھارت مشن’پروگرام کی ستائش عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او)کے ذریعہ بھی کی گئی ہے ۔